مایا دیوی
مایا دیوی | |
---|---|
معلومات شخصیت | |
پیدائش | 6ویں صدی ق م |
وفات | 6ویں صدی ق م |
وجہ وفات | ز چگی |
شہریت | شکیہ |
شریک حیات | شدھودن |
اولاد | گوتم بدھ |
عملی زندگی | |
پیشہ | ہمسر ملکہ |
درستی - ترمیم |
مایا دیوی بدھ مت کے بانی گوتم بدھ کو جنم دینے والی ماں اور مہاپرجاپتی گوتمی، جنہیں بدھ نے پہلی بھکشونی (بدھ راہبہ) کا منصب عطا کیا، کی بہن تھیں۔[1][2]
بدھ روایت کے مطابق مایا دیوی کا گوتم بدھ کی پیدائش کے چند عرصے بعد (تقریباً سات دنوں بعد) انتقال ہو گیا تھا اور وہ ہندو-بدھ بہشت میں داخل ہو گئیں، نہ صرف گوتم کی والدہ بلکہ ان سے پہلے گذرے دوسرے بدھاؤں کی والداؤں کا بھی انتقال ہوا اور وہ بہشت میں داخل ہوئیں۔[1] اسی وجہ سے مایا گوتم کی پرورش نہ کر سکیں بلکہ ان کی پرورش ان کی خالہ و سوتیلی ماں مہاپرجاپتی گوتمی نے کی۔ مایا ایک موقع پر اپنے بیٹے کو نصیحت کرنے بہشت سے بھی اتری تھی۔[1]
سنسکرت زبان میں مایا سے مواد ”فریبِ نظر“ یا ”وہم“ ہے۔ مایا کو مہا مایا (عظیم مایا) اور مہا مایا (ملکہ مایا) بھی کہا جاتا ہے۔ تبتی میں انھیں گیوترولما اور جاپانی میں مایا بونین (摩耶夫人) کہا جاتا ہے۔ سہالی زبان میں ان کو مہامایا دیوی (මහාමායා දේවී) کے نام سے جانا جاتا ہے۔
سوانح
[ترمیم]مایا نے کپل واستو کے شاکیہ قبیلے کے بادشاہ شدھودن سے شادی کی تھی۔ وہ شدھودن کے چچا کی بیٹی تھیں اور اس لیے رشتے سے ان کی عم زاد بھی تھیں۔ ان کے والد دیودہ (دیودہا) کے بادشاہ تھے۔
مایا اور شدھودن کو شادی کے بیس سالوں تک کوئی اولاد نہیں تھی۔ ایک کہانی کے مطابق پورے چاند کی رات ملکہ مایا جب محل میں سو رہی تھیں تو انھوں نے ایک واضح خواب دیکھا۔ انھوں نے محسوس کیا کہ چار دیو انھیں اٹھا کر ہمالیہ میں ”ان اوتپت“ نامی جھیل لے جا رہے تھے۔ جھیل میں انھیں نہلانے کے بعد دیووں نے بہشتی لباس پہنایا، ان پر خوشبوئیں لگائیں اور آسمانی پھولوں سے انھیں آراستہ کیا۔ اس کے فوراً بعد ایک ہاتھی اپنی سونڈھ میں کنول کا پھول پکڑے ظاہر ہوا اور ان کے گرد تین چکر لگانے کے بعد دائیں طرف سے ان کے پیٹ میں داخل ہو گیا۔ بالآخر ہاتھی غائب ہو گیا اور ملکہ کی آنکھ کُھل گئی۔ انھوں نے سوچا کہ اس خواب کا مقصد کوئی پیغامِ عظیم ہے کیونکہ ہاتھی عظمت کی علامت ہے۔
بدھ مت میں ایک اور روایت پائی جاتی ہے کہ مستقبل میں بننے والا بدھ پہلے تُشیتا کی بہشت میں بودھی ستو کی شکل میں رہتا تھا اور اس نے ارادہ کیا کہ وہ سفید ہاتھی کے روپ میں دنیا میں آخری مرتبہ پیدا ہوگا۔ مایا نے سنہ 563 ق م میں سدھارتھ کو جنم دیا۔ وہ دس قمری مہینوں تک حمل کی حالت میں رہیں۔ رسم کے تحت ملکہ بچہ جنم دینے کے لیے مائیکے روانہ ہوئیں۔ راستے میں پالکی سے اتر کر لمبینی کے ایک پھولوں کے باغ میں شال کے درخت کے نیچے گئیں۔ مایا دیوی کو لمبینی پسند آیا اور انھوں نے کھڑی حالت میں شال کی شاخ پکڑ کر بچے کو جنم دیا۔ کہا جاتا ہے کہ شہزادہ سدھارتھ کا ان کی دائیں طرف سے ظہور ہوا۔ یہ اپریل کا آٹھواں دن تھا۔ کچھ قصص میں ہے کہ انھوں نے بچے کو پہلی مرتبہ پُشکرنی تالاب میں نہلایا۔ مگر روایت ہے کہ دیووں نے بارش کر کے نوزائیدہ بچے کو دھویا۔ بعد میں انھیں سدھارتھ کا نام دیا گیا۔
محققین عموماً اس بات پر متفق ہیں کہ زیادہ تر بدھی کتب میں بدھ کے جنم کے ساتھ دنوں بعد مایا کی وفات اور تشیتا بہشت میں دوبارہ جنم کا تذکرہ ہے۔ گوتم کے بدھ بننے کے سات سالوں بعد، وہ تاوتنشا بہشت آئیں، جہاں بعد میں گوتم بدھ نے انھیں ابھی دھرم کی تعلیم دی۔[3] ان کی بہن پرجاپتی بدھ کی سوتیلی والدہ تھیں۔
حوالہ جات
[ترمیم]- ^ ا ب پ Buddhist Goddesses of India by Miranda Shaw (Oct 16, 2006) آئی ایس بی این 0-691-12758-1 pages 45-46
- ↑ History of Buddhist Thought by E. J. Thomas (Dec 1, 2000) آئی ایس بی این 81-206-1095-4 pages
- ↑ "Māyā"۔ www.palikanon.com۔ 2018-12-26 کو اصل سے آرکائیو کیا گیا۔ اخذ شدہ بتاریخ 2018-04-07