مندرجات کا رخ کریں

باد

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
باد یا ہوا کی تصویر کشی
ہوا سے اڑتا ہوا دوپٹہ

باد یا ہوا، بڑے پیمانے پر گیسوں کی حرکت کا نام ہے۔ زمین پر باد کی تکنیکی تعریف ہواؤں کا بڑے پیمانے پر بہنا ہے۔ خلا میں باد سے مراد یا تو شمسی باد لی جاتی ہے جو گیسوں کا سورج سے خلا میں بہنے کا نام ہے جبکہ سیار یائی باد سے مراد کسی بھی سیارے سے ٹکرا کر واپس آنے والے روشنی اور کیمیائی عناصر کے خلا میں بہاؤ سے لی جاتی ہے۔ باد یا ہواؤں کی درجہ بندی ان کی شدت، رفتار، وجوہات، خطے اور ان کے اثرات کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔ نظام شمسی میں سب سے تیز اور طاقتور ہوائیں نیپچون اور زحل پر چلتی ہیں۔
موسمیات میں باد سے مراد ہواؤں کی شدت سے لی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ان ہواؤں کا رخ اور رفتار بھی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں۔ شدت کی بنیاد پر ہواؤں کے کئی نام ہیں جو تقریباً لاطینی زبان میں ہیں۔ مختلف قسم کے نام جیسے ہوا، بادوباراں، طوفان، سائیکلون، ہریکین اور ٹائفون وغیرہ شدت، رفتار اور وجوہات کی بنا پر باد یا ہوا کو دیے گئے نام ہیں۔
انسانی تہذیب میں باد یا ہوا کے ساتھ کئی قصے یا مفروضے بھی منسلک ہیں۔ تاریخ میں کئی واقعات، جنھوں نے مواصلات اور جنگوں کے نتیجے بدل دیے، ہواؤں کی وجہ سے تعبیر کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان ہواؤں کا استعمال بھی انسانی تہذیب میں وقت کے ساتھ بڑھا ہے، جیسے کہ ہواؤں کا بجلی کی پیداوار اور کئی دوسرے میکانکی کاموں میں استعمال دور جدید میں بھی عیاں ہے۔ ہواؤں کا سمندروں میں بحری جہازوں کے سفر پر بھی بے انتہا اثر ہے اور ان کے بغیر یہ سفر ممکن نہیں ہوتا۔ گرم ہواؤں سے بھرے بڑے غباروں میں چھوٹے پیمانے کے سفر اور ہوائی سفر بھی صرف ہواؤں یا باد کے بل بوتے پر ممکن ہے۔ ہواؤں کے ان تمام استعمال کا انسانی تاریخ میں اہم رتبہ ہے اور اسی کے سبب ایندھن کی خاطر خواہ بچت ہوتی ہے۔ جہاں انسان نے ہواؤں یا باد سے فائدہ اٹھایا ہے وہیں یہ ہوائیں انسانی املاک کے لیے ہمہ وقت خطرہ بھی ہیں۔ غیر متوقع موسمیاتی عمل کی وجہ سے پیدا ہونے والی ہواؤں سے انسانوں کو مالی اور جانی نقصان بھی اٹھانا پڑتا ہے۔ موسمیاتی تغیر کے سامنے فی الحال انسان بے بس نظر آتا ہے۔
باد یا ہوائیں زمینی سطح کی شکل کا تعین بھی کرتی ہیں، ان کی وجہ سے ہی دنیا کے مختلف خطوں میں زرخیز کھلیان قائم ہوئے ہیں اور ان کی ہی وجہ سے کئی علاقوں میں زمینی کٹاؤ کا عمل تیز بھی ہوا ہے۔ صحراؤں میں ریت کا بہت بڑا ذخیرہ ایک مقام سے دوسری جگہ تک صرف تیز ہواؤں کی وجہ سے ہی منتقل ہو پاتا ہے۔ اسی طرح جنگلات میں برپا ہونے والی جنگلی آگ کی شدت اور رفتار میں اضافے کا سبب بھی یہی تیز ہوائیں ہوتی ہیں۔ جنگلات میں کئی نباتات کی بقا ء بھی انھی ہواؤں سے منسلک ہے، جن کے بیج ایک مقام سے دوسرے مقام تک ہوا کے ذریعے ہی پہنچ پاتے ہیں۔ جب ہوائیں یخ ہو جائیں یا سرد ہو جائیں تو انسانوں، حیوانات اور نباتات پر ان کے کئی منفی اثرات ہیں۔

حوالہ جات

[ترمیم]
pFad - Phonifier reborn

Pfad - The Proxy pFad of © 2024 Garber Painting. All rights reserved.

Note: This service is not intended for secure transactions such as banking, social media, email, or purchasing. Use at your own risk. We assume no liability whatsoever for broken pages.


Alternative Proxies:

Alternative Proxy

pFad Proxy

pFad v3 Proxy

pFad v4 Proxy