نیک نیتی کو فرض کریں ویکیپیڈیا کے بنیادی اصولوں میں سے ایک ہے۔ یہاں فرض کر لیں کہ تمام صارفین اپنی ترامیم اور تبادلۂ خیال نیک نیتی سے کر رہے ہیں۔ اس لیے صارفین کو اذیت نہ دیں، عموماً لوگ اس منصوبے میں مدد کرنے ہی کی کوشش کرتے ہیں۔ اگر یہ جھوٹ ہوتا تو ویکیپیڈیا منصوبہ آغاز ہی میں اپنے انجام کو پہنچ جاتا۔ ویکیپیڈیا تمام صارفین کو صفحات میں ترمیم کی اجازت دیتا ہے، اس لیے صارف کی ابتدائی ترامیم پر فوری طور پر سخت رد عمل سے گریز کریں، اس کی ترمیم میں بغیر تنقید کیے اصلاح کریں۔ اگر اس کی ترمیم میں مدد کرنا چاہیں تو، اس کے تبادلۂ خیال صفحہ پر نرمی سے اس کی اصلاح کریں اور اس کے جواب کا انتظار کریں۔ ویکیپیڈیا پر اپنے ابتدائی دنوں کو یاد کریں، جب آپ سے بھی غلطیاں سرزد ہوتی تھیں؛ لیکن ان میں آپ کی نیت کی خرابی شامل نہیں تھی۔ اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے صارفین پر، ان کی ترامیم کی وجہ سے غصہ نہ ہوں۔ درحقیقت انہیں آپ کی معاونت کی ضرورت ہے، غصے کی نہیں، براہ کرم ان سے تعاون کریں۔ نیک نیتی سمجھتے ہوئے بحث اور تنقید کی ممانعت لازم نہیں آتی، بل کہ، منتظمین (اور قدیم صارفین) کو زیب نہیں دیتا کہ وہ بغیر کسی خاص ثبوت (وجہ) کے، کسی صارف کی نیک نیتی پر شک کریں۔
جب اختلاف رائے ہو جائے تو مسئلہ کی وضاحت اور اس کو حل کرنے کے لیے اپنی بہترین صلاحیت کا استعمال کریں، مسئلے کو بڑھنے نہ دیں، صارف کو بھی اپنی بات (جواب) کا موقع دیں۔ غور کریں کہ آیا نزاع مختلف نقطۂ نظر کی وجہ سے ہے، تو اس صورت میں عام اتفاق رائے میں سے کوئی راستہ چن لیں۔