Content-Length: 102247 | pFad | http://news.un.org/ur/story/2024/12/14196

میانمار: پوست کی کاشت میں اضافہ برقرار، یو این او ڈی سی | یو این خبرنامہ
انسانی کہانیاں عالمی تناظر

میانمار: پوست کی کاشت میں اضافہ برقرار، یو این او ڈی سی

میانمار کے علاقے مشرقی شان میں ایک کسان اپنی پوست کی فصل کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔
© UNODC
میانمار کے علاقے مشرقی شان میں ایک کسان اپنی پوست کی فصل کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔

میانمار: پوست کی کاشت میں اضافہ برقرار، یو این او ڈی سی

جرائم کی روک تھام اور قانون

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) نے اپنے ایک تازہ ترین سروے کے نتیجے میں بتایا ہے کہ میانمار میں تین سال سے مسلسل بڑھتی ہوئی افیون کی کاشت میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی۔

اس رپورٹ کا عنوان ’میانمار افیون سروے 2024: کاشت، پیداوار اور اثرات‘ ہے اور اس میں ملک میں فوجی قبضے کے بعد سے کاشت کے تیسرے موسم کے دوران جمع کردہ اعداد و شمار کا تجزیہ کیا گیا ہے۔

Tweet URL

اس تحقیق کے مطابق افیون کی کاشت میں 4 فیصد کی معمولی کمی ہوئی ہے، جو 47,100 ایکڑ سے کم ہو کر 45,200 ایکڑ رہ گئی ہے۔ اس کے علاوہ فی ایکڑ پیداوار میں بھی معمولی کمی آئی ہے۔ یہ نتائج بلند سطح پر کاشت کے استحکام کی نشاندہی کرتے ہیں اور میانمار کو دنیا میں افیون کا سب سے بڑا ذریعہ ثابت کرتے ہیں۔

افغانستان میں پابندی کا نتیجہ

تاہم اس رپورٹ میں کاشت کی کمی میں غیر مساوی تقسیم، ملک کے کچھ حصوں میں نمایاں اضافہ اور افغانستان میں منشیات پر پابندی کے عالمی مانگ پر اثرات کا ذکر بھی کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ غیر یقینی کی یہ صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ میانمار میں افیون کی معیشت زور پکڑ رہی ہے۔

یو این او ڈی سی کے علاقائی نمائندے مسعود کریمی پور کا کہنا ہے کہ "میانمار میں پیدا ہونے والی افیون کی مقدار تقریباً اتنی ہی ہے جتنی ہم 20 سال پہلے اعدادوشمار اکٹھے کرنے کے بعد سے سب سے زیادہ دیکھ چکے ہیں۔ ملک میں جاری تنازعات اور افغانستان میں منشیات پر پابندی کے بعد عالمی آمد و رفت میں تبدیلی کی وجہ سے ہمیں آنے والے سالوں میں مزید توسیع کے خطرے کا سامنا ہے۔"

اس رپورٹ میں میانمار میں افیون کی کاشت کے علاقائی فرق کو نمایاں کیا گیا ہے۔ شان ریاست اب بھی افیون پیدا کرنے والی سب سے بڑی جگہ ہے جو ملک کی کل پیداوار کا 88 فیصد حصہ رکھتی ہے۔ شمالی اور جنوبی شان میں کاشت کا رقبہ تھوڑا کم ہوا ہے لیکن مشرقی شان جو لاوٴس اور تھائی لینڈ کے ساتھ سرحد پر واقع ہے میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ کاچن ریاست میں کاشت 10 فیصد کم ہوئی ہے جبکہ بھارتی سرحد کے قریب واقع چن ریاست میں سب سے زیادہ 18 فیصد کا اضافہ ہوا۔ کایا ریاست جہاں دوسرے علاقوں کے مقابلے میں کاشت کم ہوتی تھی میں بھی 8 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اس ضمن میں قیمتیں ایک اہم عنصر ثابت ہوئی ہیں۔ خشک افیون کی قیمت میں 8 فیصد کمی ہوئی ہے جو اب 304 امریکی ڈالر فی کلوگرام کے قریب ہے جبکہ خطے میں ہیروئن کی پیداوار میں گزشتہ اضافے کے بعد قیمتیں منجمند ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔ تاہم افغانستان میں پیداوار میں کمی کی وجہ سے افیون کی عالمی قلت ممکنہ طور پر قیمتوں میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے جس سے میانمار کے کسانوں کو مزید کاشت کی ترغیب ملے گی۔

مجبوری کا فیصلہ

اس کے علاوہ ملک چھوڑنے والوں کی بڑھتی ہوئی تعداد، میانمار کی فوج اور مختلف مسلح گروہوں کی بڑھتی ہوئی بھرتیاں اور تنازعات کے باعث کسانوں کی دور دراز منڈیوں تک رسائی میں رکاوٹوں کو بھی کاشت میں اضافے کے اہم أسباب کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

یو این او ڈی سی کے نمائندے کریمی پور مزید کہتے ہیں کہ "اگرچہ گولڈن ٹرائینگل میں افیون کی کاشت اب بھی بلند ہے، مصنوعی منشیات کی پیداوار بھی مسلسل بڑھ رہی ہے اور آن لائن جوئے کے مراکز اور دھوکہ دہی کے اڈوں کے ارد گرد غیر قانونی معیشت تیزی سے پھیل رہی ہے۔ اس لیے صورتحال کو قابو سے باہر ہونے سے بچانے کے لئے فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت ہے۔"

اس رپورٹ میں میانمار میں افیون کی کاشت کے محرک سماجی و اقتصادی عوامل کا تفصیلی تجزیہ بھی شامل ہے جس میں افیون کی کاشت اور وسیع تر معاشی ترقی کے درمیان قریبی تعلق کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس میں خاص طور پر ذکر کیا گیا ہے کہ افیون اگانے والے دیہات اور گھرانے مشکل معاشی حالات، عوامی خدمات کی کمی، بھاری قرضوں اور زیادہ عدم استحکام سے دوچار ہیں۔

میانمار میں یو این او ڈی سی کے سربراہ یاتا ڈاکوواہ کے مطابق "میانمار میں افیون اگانے والے کسان امیر نہیں ہوتے بلکہ صرف مشکل حالات میں اپنے خاندانوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہمارے پاس اب بھی ان مقامی آبادیوں کے معاشی حالات کو بہتر بنانے کا موقع ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو افیون کی کاشت سے دور رکھا جا سکے۔ لیکن ہمیں اس حوالے سے بروقت اقدامات کرنے ہونگے۔"









ApplySandwichStrip

pFad - (p)hone/(F)rame/(a)nonymizer/(d)eclutterfier!      Saves Data!


--- a PPN by Garber Painting Akron. With Image Size Reduction included!

Fetched URL: http://news.un.org/ur/story/2024/12/14196

Alternative Proxies:

Alternative Proxy

pFad Proxy

pFad v3 Proxy

pFad v4 Proxy