Content-Length: 100157 | pFad | http://news.un.org/ur/story/2024/12/14346

سوڈان: انسانی حقوق کمشنر کا الفاشر پر حملے روکنے کا مطالبہ | یو این خبرنامہ
انسانی کہانیاں عالمی تناظر

سوڈان: انسانی حقوق کمشنر کا الفاشر پر حملے روکنے کا مطالبہ

ڈارفر میں لوگ پینے کا صاف پانی لینے کے لیے قطار بنائے کھڑے ہیں۔
© UNICEF/Tariq Khalil
ڈارفر میں لوگ پینے کا صاف پانی لینے کے لیے قطار بنائے کھڑے ہیں۔

سوڈان: انسانی حقوق کمشنر کا الفاشر پر حملے روکنے کا مطالبہ

انسانی حقوق

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے سوڈان کی ریاست شمالی ڈارفر کے دارالحکومت الفاشر پر حملے روکنے کے لیے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ محاصرے اور لڑائی میں بھاری انسانی نقصان ہو رہا ہے جسے جاری رہنے نہیں دیا جا سکتا۔

ایک بیان میں ہائی کمشنر نے تمام متحارب فریقین سے کہا ہے کہ وہ شہریوں اور شہری تنصیبات پر حملے بند کریں اور بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں اور وعدوں کی تعمیل یقینی بنائیں۔

Tweet URL

اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق (او ایچ سی ایچ آر) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سوڈان کے عسکری دھڑے 'ریپڈ سپورٹ فورسز' (آر ایس ایف) نے سات ماہ سے الفاشر کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ اس دوران کم از کم 782 شہری ہلاک اور 1,143 سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔

شہری علاقوں میں تباہی

رپورٹ میں الفاشر سے نکلنے میں کامیاب ہونے والے 52 افراد کے ساتھ بات چیت کی بنیاد پر بتایا گیا ہے کہ 'آر ایس ایف' گنجان آبادی پر مسلسل اور شدید بمباری کر رہی ہے جبکہ سوڈان کی مسلح افواج (ایس اے ایف) کی جانب سے مخالفین کے خلاف فضائی حملے اور توپ خانے سے گولہ باری جاری ہے۔

ہائی کمشنر نے خبردار کیا ہے کہ شہریوں اور شہری تنصیبات پر حملے جنگی جرائم کے مترادف ہو سکتے ہیں

'او ایچ سی ایچ آر' کی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جون میں شہر پر کیے جانے والے شدید حملوں میں درجنوں شہری اپنے گھروں، بازاروں اور سڑکوں پر ہلاک ہو گئے۔ شہر کے جنوبی علاقے الثورہ میں بدترین بمباری اور فائرنگ کے تبادلے کی وجہ سے کئی روز تک شہریوں کے لیے سڑکوں پر پڑی لاشیں اٹھانا بھی ممکن نہیں تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی میٹرنٹی ہسپتال شہر میں باقیماندہ واحد سرکاری طبی مرکز ہے جہاں جراحت اور جنسی و تولیدی صحت کی خدمات دستیاب ہیں۔ تاہم 'آر ایس ایف' اس ہسپتال پر بھی متواتر بمباری کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں، شہر کا محاصرہ شروع ہونے کے بعد جنسی تشدد کے واقعات میں اضافے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

بڑے حملے کا خدشہ

الفاشر کے قریب زمزم پناہ گزین کیمپ میں لاکھوں بے گھر لوگ مقیم ہیں جسے 'آر ایس ایف' کی جانب سے چھ مرتبہ حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جن میں کم از کم 15 افراد کی ہلاکت ہوئی۔ علاقے میں متحارب دھڑوں کی بڑے پیمانے پر عسکری سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ ریاست میں قبائلی بنیاد پر جنگجوؤں کی لام بندی بھی ہو رہی ہے جس سے آئندہ دنوں اس علاقے میں کسی بڑے حملے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ زمزم کیمپ اور الفاشر پر ایسے کسی حملے کی صورت میں لوگوں کی تکالیف تباہ کن صورت اختیار کر جائیں گی اور علاقے میں انسانی حالات مزید بگڑ سکتے ہیں جہاں پہلے ہی قحط پھیلا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ایسا حملہ روکنے کے لیے اقدامات کرے جبکہ متحارب فریقین نیک نیتی سے امن بات چیت کریں تاکہ موت اور تباہی کا یہ سلسلہ تھم سکے۔









ApplySandwichStrip

pFad - (p)hone/(F)rame/(a)nonymizer/(d)eclutterfier!      Saves Data!


--- a PPN by Garber Painting Akron. With Image Size Reduction included!

Fetched URL: http://news.un.org/ur/story/2024/12/14346

Alternative Proxies:

Alternative Proxy

pFad Proxy

pFad v3 Proxy

pFad v4 Proxy