Content-Length: 102553 | pFad | https://news.un.org/ur/story/2024/12/14326

سوڈان خانہ جنگی: جنسی تشدد سے تحفظ کی درخواستوں میں تقریباً تین گنا اضافہ | یو این خبرنامہ
انسانی کہانیاں عالمی تناظر

سوڈان خانہ جنگی: جنسی تشدد سے تحفظ کی درخواستوں میں تقریباً تین گنا اضافہ

جنگ کے نتیجے میں نوعمری کی شادی، لڑکیوں کے جنسی اعضا کی بریدگی اور دیگر طرح کے جنسی تشدد کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں.
WFP
جنگ کے نتیجے میں نوعمری کی شادی، لڑکیوں کے جنسی اعضا کی بریدگی اور دیگر طرح کے جنسی تشدد کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں.

سوڈان خانہ جنگی: جنسی تشدد سے تحفظ کی درخواستوں میں تقریباً تین گنا اضافہ

خواتین

سوڈان میں خانہ جنگی کے تناظر میں خواتین اور لڑکیوں کے خلاف صنفی بنیاد پر تشدد غیرمعمولی حد تک بڑھ گیا ہے جہاں ایک سال میں تشدد سے تحفظ کی خدمات حاصل کرنے کی طلب میں 288 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اقوام متحدہ میں خواتین کے ادارے 'یو این ویمن' کے مطابق، اس وقت سوڈان میں ایک کروڑ 20 لاکھ افراد جنسی تشدد کے خطرے سے دوچار ہیں جن میں بڑی تعداد خواتین اور لڑکیوں کی ہے۔ شواہد سے اندازہ ہوتا ہے کہ بڑے پیمانے پر منظم اور اجتماعی جنسی تشدد اور زیادتی سے جنگی ہتھیار کا کام لیا جا رہا ہے جس سے متاثرہ افراد کو طبی، نفسیاتی اور سماجی مدد کی اشد ضرورت ہے۔ نسلی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین اور لڑکیوں کو دانستہ طور پر اس تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

Tweet URL

خانہ جنگی کے صنفی اثرات

اکتوبر 2024 تک سوڈان میں ایک کروڑ سے زیادہ لوگ بے گھر ہو چکے تھے جن میں 54 فیصد تعداد خواتین اور لڑکیوں کی ہے۔ بڑھتی معاشی مشکلات اور قحط کے خطرے کے باعث بعض خواتین اور لڑکیاں جسم فروشی پر مجبور ہو رہی ہیں جس سے ان کے لئے جنسی تشدد اور جنسی طور پر منتقل ہونے والی بیماریوں (بشمول ایچ آئی وی) کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔

جنگ کے نتیجے میں نوعمری کی شادی، لڑکیوں کے جنسی اعضا کی بریدگی اور دیگر طرح کے جنسی تشدد کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں جبکہ سکول جانے کی عمر میں تین چوتھائی لڑکیاں تعلیم سے محروم ہیں جن کی تعداد تقریباً 25 لاکھ ہے۔

جنوبی و مشرقی افریقہ کے لیے یو این ویمن کی ڈائریکٹر اینا موتاوتی کا کہنا ہے کہ سوڈان میں خواتین اور لڑکیوں کو درپیش تکالیف اس بات کی واضح علامت ہے کہ اس تنازع کے صنفی اثرات کس قدر سنگین ہیں۔ جنسی تشدد کو دانستہ اور مخصوص طور سے جنگی ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کرنا انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سخت خلاف ورزی ہے۔ انسانی امداد کی فراہمی کے منصوبوں میں خواتین کا وقار اور تحفظ یقینی بنانا ہو گا۔

انہوں نے تمام متحارب فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خواتین اور لڑکیوں پر مظالم کا خاتمہ کرنے کے لیے موثر اقدامات کریں اور اس جنگ کو ختم کر کے امن بحال کرنے کی کوشش کریں۔

یو این ویمن کی امدادی منصوبہ بندی

مقامی خواتین کے زیرقیادت تنظیمیں متاثرہ خواتین کو مدد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں مگر اس وقت سوڈان کو دیے جانے والے امدادی مالی وسائل میں ان کا حصہ دو فیصد سے بھی کم ہے۔ یو این ویمن خواتین کی ان تنظیموں کو بااختیار بنانے، جنسی تشدد کی روک تھام کرنے اور احتسابی نظام کو مضبوط کرنے کے لئے کوشاں ہے لیکن اس مقصد کے لیے مزید وسائل کی فوری ضرورت ہے۔

یو این ویمن خواتین کے زیر قیادت ایسی تنظیموں ساتھ شراکت میں کام کر رہا ہے جو اس تنازع کے خاتمے کے لئے آواز اٹھا رہی ہیں اور خواتین کو جنگ بندی مذاکرات میں نمائندگی دینے کے لیے کوشاں ہیں۔

اس حوالے سے یو این ویمن نے خواتین کو نفسیاتی مدد کی فراہمی کے لئے محفوظ جگہوں کے قیام کے ساتھ ان کی پیشہ وارانہ تربیت اور معاشی خودمختاری کے پروگرام شروع کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی ہے تاکہ متاثرہ خواتین کی حالت بہتر بنائی جا سکے اور انہیں مضبوط کیا جا سکے۔

جنسی تشدد کو روکنے کا مطالبہ

یو این ویمن نے سوڈان میں امن کی بحالی اور ہر طرح کے جنسی تشدد کے فوری خاتمے کا مطالبہ بھی کیا ہے. جنسی تشدد کا جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال ایک سنگین جرم ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اس خانہ جنگی میں ہونے والے جنسی تشدد کے ٹھوس ثبوت جمع کرنا بھی ضروری ہیں تاکہ مجرموں کا محاسبہ ہو سکے۔

علاوہ ازیں، متاثرین کی مدد کا جامع نظام قائم کرنے کی بھی فوری ضرورت ہے۔ اس میں جنسی زیادتی کا شکار ہونے والی خواتین کو طبی سہولیات اور ذہنی صحت کی خدمات مہیا کرنا اور محفوظ پناہ گاہوں کی فراہمی شامل ہے۔ فی الوقت سوڈان میں 10 فیصد سے بھی کم آبادی کو ان خدمات تک رسائی ہے۔

یو این ویمن کا کہنا ہے کہ سوڈان کا بحران عالمی برادری سے مختصر اور طویل مدتی متحدہ اقدامات کا تقاضا کرتا ہے۔ اس معاملے میں بے عملی کی کوئی گنجائش نہیں۔ امن و سلامتی کے لیے جدوجہد میں خواتین اور لڑکیوں کو پیچھے نہیں چھوڑا جا سکتا۔ 









ApplySandwichStrip

pFad - (p)hone/(F)rame/(a)nonymizer/(d)eclutterfier!      Saves Data!


--- a PPN by Garber Painting Akron. With Image Size Reduction included!

Fetched URL: https://news.un.org/ur/story/2024/12/14326

Alternative Proxies:

Alternative Proxy

pFad Proxy

pFad v3 Proxy

pFad v4 Proxy